مقامی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان فیکٹری کے مقام پر منعقدہ تقریب میں کیا گیا، 60 ایکڑ رقبے پر پھیلا یہ پلانٹ 15 کروڑ ڈالر زکی سرمایہ کاری کا حامل ہے، کمپنی ملک بھر میں ڈیلرشپ نیٹ ورک بھی قائم کر رہی ہے، جس کے تحت 2026 میں سات بڑے شہروں میں دس آؤٹ لیٹس کھولے جائیں گے۔
چینی کار ساز کمپنی چیری آٹو، جو چین کی سب سے بڑا گاڑیاں برآمد کرنے والا برانڈ ہے، دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے جن میں یورپ، جنوبی امریکا، مشرق وسطیٰ، افریقہ، ایشیا، روس اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
پاکستان میں چیری ماسٹر اپنی چار نمایاں ماڈلز، آل نیو ٹیگو کراس، ٹیگو سیون، ٹیگو ایٹ اور ٹیگو نائن، مقامی طور پر اسمبل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، یہ تمام ماڈلز پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (پی ایچ ای وی) کی ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر آٹو انجینئرنگ کے سی ای او سمیر ملک نے کہا کہ چیری آٹوموبائل لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی آٹو صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم چین کے سرکردہ برآمدی برانڈ کے ساتھ تعاون پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اپنے نیو انرجی وہیکل (این ای وی) پلانٹ کے ذریعے چیری کی سپر پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کو پاکستانی صارفین کے لیے متعارف کرانے کے منتظر ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ کاری صرف گاڑیاں تیار کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور 2 ہزار سے زائد افراد کو جدید نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنا بھی ہے۔






