حالیہ لیکس میں آئی فون 18 پرو میکس کی مبینہ تصاویر سامنے آئی ہیں، جنہیں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا گیا۔ تصاویر میں ڈیوائس کو مختلف رنگوں اور زاویوں سے دکھایا گیا ہے، جس سے اس کے ممکنہ ڈیزائن کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

لیک ہونے والی تصاویر کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کا ڈیزائن بڑی حد تک آئی فون 17 پرو ماڈلز سے مشابہ دکھائی دیتا ہے، تاہم اس میں چند معمولی تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز چار رنگوں میں دستیاب ہوگی، جن میں لائٹ بلیو، ڈارک گرے، سلور اور ڈارک چیری شامل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ آئی فون 17 سیریز میں مقبول ہونے والا اورنج رنگ اس بار متعارف نہیں کرایا جائے گا اور اس کی جگہ ڈارک چیری رنگ کو شامل کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اس سال اپنی لانچ حکمت عملی میں بھی تبدیلی کر رہا ہے۔ توقع ہے کہ ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کو کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا، جب کہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں کسی وقت پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز میں ایپل کا نیا اے 20 پرو بایونک پروسیسر دیا جائے گا، جب کہ دونوں پرو ماڈلز بہتر سی 2 موڈیم سے لیس ہوں گے۔

اس کے علاوہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کمپنی سیلفی کیمرے کے لیے استعمال ہونے والے ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو مزید کم کر سکتی ہے، جس سے صارفین کو زیادہ بڑی اسکرین کا تجربہ حاصل ہوگا۔

تاہم ایپل کی جانب سے ان تمام لیکس یا ممکنہ فیچرز کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔