اس فیچر کے تحت جلد ہی صارفین یہ جان سکیں گے کہ کسی مخصوص اکاؤنٹ کا تعلق کس ملک سے ہے اور اس اکاؤنٹ کے یوزر نیم کی تبدیلی کی تاریخ بھی پروفائل پر ظاہر کی جائے گی۔


ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیر  کے مطابق کمپنی اس فیچر کی اندرونی سطح پر آزمائش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقصد جعلی اور گمراہ کن اکاؤنٹس کی نشاندہی کو آسان بنانا اور پلیٹ فارم پر شفافیت کو فروغ دینا ہے۔


نکیتا بیر نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جب صارفین کسی پوسٹ کو پڑھتے ہیں تو انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کتنا مستند مواد دیکھ رہے ہیں۔ حقائق کی جانچ اور تصدیق اس عمل کا لازمی حصہ ہے۔


ان کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند روز میں کمپنی کے اندر ٹیسٹنگ فیز میں جائے گا اور بعد میں عوام کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام میں بھی اس سے ملتا جلتا فیچر موجود ہے، تاہم وہاں صارفین کے لیے اپنی لوکیشن ظاہر کرنا صارف کی مرضی پر ہے۔


نکیتا بیر نے عندیہ دیا کہ ایکس پر بھی ایسا ہی نظام اپنایا جائے گا، لیکن اگر کوئی صارف اپنی لوکیشن چھپائے گا تو اس بات کی نشاندہی اس کی پروفائل پر واضح طور پر کی جائے گی۔


یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر اہم سمجھا جا رہا ہے جو پلیٹ فارم پر سیاسی، سماجی یا حساس موضوعات پر سرگرم ہیں، تاکہ ان کی سرگرمیوں کی جغرافیائی شفافیت صارفین کے سامنے آسکے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔