کمپنی کے مطابق نئے "کریئیٹو ایجنٹس" فوٹوشاپ، پریمیئر، السٹریٹر، اِن ڈیزائن اور فریم-آئی-او  میں دستیاب ہوں گے، جبکہ آفٹر ایفیکٹس کے لیے یہ فیچر فی الحال پرائیویٹ بیٹا مرحلے میں ہے۔

ایڈوب کا کہنا ہے کہ صارفین صرف مطلوبہ نتیجہ بیان کریں گے اور اے آئی اسسٹنٹ فوٹیج کی ترتیب، تصاویر کا سائز تبدیل کرنے، لے آؤٹس اپ ڈیٹ کرنے اور ویڈیوز کے ابتدائی مسودے تیار کرنے جیسے متعدد کام خود انجام دے سکے گا۔

پریمیئر میں اے آئی اسسٹنٹ کلپس کو منظم کرنے، انٹرویو سوالات کی شناخت، مارکرز شامل کرنے اور ویڈیو کا ابتدائی رَف کٹ تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ فوٹوشاپ میں بیک گراؤنڈ تبدیل کرنے، مختلف پلیٹ فارمز کے لیے تصاویر کو ری سائز کرنے اور لیئرز کو منظم کرنے میں مدد دے گا۔

السٹریٹر میں یہ ٹول اسپریڈشیٹ کی معلومات استعمال کرتے ہوئے کسی فائل کے درجنوں مختلف ورژنز تیار کر سکتا ہے، جبکہ اِن ڈیزائن میں نئی برانڈ گائیڈ لائنز کے مطابق لے آؤٹس اور ڈیزائن اپ ڈیٹ کیے جا سکیں گے

ایڈوب نے فریم-آئی-او کے لیے بھی نئے اے آئی فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں فوٹیج کی تنظیم، مختلف آراء کو یکجا کرنا، بی-رول تیار کرنا اور پروڈکٹ تصاویر کو مختصر ویڈیوز میں تبدیل کرنا شامل ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اے آئی اسسٹنٹس تخلیقی فیصلے کرنے کے بجائے پروڈکشن کے وقت طلب اور دہرائے جانے والے مراحل کو خودکار بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تاکہ تخلیق کار زیادہ وقت تخلیقی کام پر صرف کر سکیں۔

ایڈوب نے بتایا کہ اس کے ٹولز پہلے ہی چیٹ جی پی ٹی کلاڈ اور مائیکروسافٹ 365 کیپلٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں گوگل اے آئی  اور سلیک کے ساتھ بھی انضمام متوقع ہے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ فائر فلائی  پلیٹ فارم کے نئے فیچرز فوری طور پر ویب پر دستیاب ہیں، جبکہ نئے فائر فلائی فیچرز اور پروجیکٹس فیچرز محدود تعداد میں صارفین کے لیے ویٹ لسٹ کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔