کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے اعلامیے کے مطابق، آئندہ مالی سال کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے (تقریباً 2 کروڑ ڈالر) کی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ سرمایہ کاری موٹر سائیکل آپریشنز کی توسیع، جدید آٹومیشن کے فروغ اور مجموعی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد کمپنی کی سالانہ پیداواری صلاحیت بڑھ کر 20 لاکھ یونٹس تک پہنچ جائے گی، جو موجودہ صلاحیت کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ توسیع تقریباً 39 فیصد تک اضافے کے مترادف ہے، جو نہ صرف کمپنی کی پیداواری استعداد کو بہتر بنائے گی بلکہ مستقبل میں اس کی آمدن اور منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
آٹو انڈسٹری سے وابستہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری سے نہ صرف مارکیٹ میں موٹر سائیکلوں کی دستیابی بہتر ہوگی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ آٹومیشن کے فروغ سے پیداواری لاگت میں کمی اور معیار میں بہتری بھی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: ہیرو سپلینڈر الیکٹرک 2026: کم قیمت، زیادہ رینج والی بائیک تیار
اٹلس ہونڈا لمیٹڈ، جو 1962 میں قائم ہوئی، پاکستان میں موٹر سائیکلوں اور اسپیئر پارٹس کی تیاری و فروخت میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور طویل عرصے سے مقامی مارکیٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔
واضع رہے کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے باوجود کسی بڑی کمپنی کی جانب سے اس نوعیت کی سرمایہ کاری نہ صرف کاروباری اعتماد کا اظہار ہے بلکہ یہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔






