ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق اوپن اے آئی نے اسپاٹیفائی کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین چیٹ جی پی ٹی سے موسیقی اور پوڈکاسٹ کی ذاتی نوعیت کی سفارشات حاصل کر سکیں گے۔
صارفین چیٹ جی پی ٹی میں اسپاٹیفائی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی درخواست شروع کر سکتے ہیں۔ پہلی بار ایسا کرنے پر ایک بٹن "Use Spotify for this answer" ظاہر ہوگا، جس پر کلک کرنے سے صارف اپنا اسپاٹیفائی اکاؤنٹ چیٹ جی پی ٹی سے منسلک کر سکتا ہے۔
اکاؤنٹ منسلک ہونے کے بعد، چیٹ جی پی ٹی صارف کے موڈ، پسندیدہ موسیقی یا مخصوص موقع کے لحاظ سے پلے لسٹ، گانے یا پوڈکاسٹ تجویز کرے گا۔
اسپاٹیفائی اور اوپن اے آئی کے نئے فیچر میں جو اہم خصوصیت شامل کی گئی ہے، ان کے مطابق اب صارفین چیٹ جی بی ٹی کے ذریعے اپنی پسند کی موسیقی اور پوڈکاسٹ کی ذاتی نوعیت کی پلے لسٹ بنا سکتے ہیں۔
یعنی اب صارفین چیٹ جی پی ٹی میں صرف یہ کہیں مثلاً، میرے موڈ کے مطابق پُرسکون میوزک تجویز کرو یا دوپہر کے سفر کے لیے ایک پلے لسٹ بنا دو۔تو چیٹ جی پی ٹی اسپاٹیفائی کے ساتھ منسلک ہو کر آپ کے لیے موزوں گانے یا پوڈکاسٹ تجویز کرے گا۔
یہ فیچر اسپاٹیفائی کے مفت اور پریمیم دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم پریمیم صارفین کو زیادہ ذاتی نوعیت کی سفارشات حاصل ہوں گی۔ صارفین اپنے اسپاٹیفائی اکاؤنٹ کو چیٹ جی پی ٹی سے کسی بھی وقت منقطع بھی کر سکتے ہیں۔
اسپاٹیفائی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا اور اس کا استعمال صرف ذاتی نوعیت کی سفارشات کے لیے کیا جائے گا۔
یہ فیچر چھ اکتوبر 2025 کو متعارف کرایا گیا اور اب دنیا کے 145 سے زائد ممالک، بشمول پاکستان میں دستیاب ہے۔





