ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، اوپن اے آئی کے اس نئے ٹول کے ذریعے صارف صرف چند جملے یا آواز میں دی گئی ہدایات کے ذریعے مکمل میوزک بنا سکے گا۔

 یہ ٹول ویڈیوز کے لیے بیک گراؤنڈ میوزک تیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی گلوکار کی آواز کے ساتھ آلہ جاتی موسیقی  مثلاً گٹار یا کی بورڈ  خود بخود شامل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ یہ میوزک جنریشن ٹول عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، یا یہ چیٹ جی پی ٹی جیسے موجودہ پلیٹ فارمز کا حصہ بنے گا یا ایک علیحدہ پراڈکٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

اوپن اے آئی کے مطابق، کمپنی اس منصوبے پر جیولیئرڈ اسکول کے موسیقی کے طالب علموں کے ساتھ اشتراک کر رہی ہے تاکہ موسیقی کی ساخت، تال اور دھن کے بنیادی پہلوؤں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے اور اعلیٰ معیار کا ٹریننگ ڈیٹا تیار کیا جا سکے۔

اگرچہ یہ پیش رفت میوزک انڈسٹری کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دی جا رہی ہے، تاہم اس منصوبے کو کاپی رائٹ قوانین کے حوالے سے ممکنہ چیلنجز کا سامنا بھی ہے۔

ماضی میں اس نوعیت کے کچھ اسٹارٹ اپس کو بھی موسیقی سے متعلقہ مواد کے کاپی رائٹ کی مبینہ خلاف ورزی کے باعث قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔