غیر ملکی ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی سی پی یو نے 9.2 گیگا ہرٹز کی حد عبور کی ہے۔ ایچ ڈبلیو بی او ٹی کی فہرست کے مطابق یہ ریکارڈ مائع ہیلیم کولنگ کے ذریعے قائم کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارنامہ اے ایس یو ایس آر او جی میکسمس زیڈ 790 ایپکس مدر بورڈ اور 16 جی بی ڈی ڈی آر فائیو میموری استعمال کرتے ہوئے حاصل کیا گیا۔ فہرست میں بتایا گیا ہے کہ پروسیسر اپنے پرفارمنس کورز پر 9,206.34 میگا ہرٹز کی رفتار سے چل رہا تھا، جب کہ سسٹم میں انٹیل کا زیڈ 790 چپ سیٹ استعمال کیا گیا۔
ٹیک ویب سائٹ ڈبلیو سی سی ایف ٹیک کے مطابق ریکارڈ کے دوران چپ 1.348 وولٹ پر کام کر رہی تھی اور صرف سات کورز اور سات تھریڈز فعال رکھے گئے تھے۔
کور آئی نائن 14900 کے ایف انٹیل کی 14ویں جنریشن ریپٹر لیک ریفریش سیریز کا ڈیسک ٹاپ پروسیسر ہے، جس میں 24 کورز اور 32 تھریڈز شامل ہیں۔ اس میں آٹھ پرفارمنس کورز اور 16 ایفیشنسی کورز دیے گئے ہیں۔
انٹیل کے مطابق اس چپ کی زیادہ سے زیادہ ٹربو فریکوئنسی 6 گیگا ہرٹز، 36 ایم بی اسمارٹ کیش، 32 ایم بی ایل ٹو کیش، 125 واٹ بیس پاور اور 253 واٹ زیادہ سے زیادہ ٹربو پاور ہے۔
Intel s Core i9-14900KF has set a new all-time CPU frequency world record at 9.206 GHz.
— Pirat_Nation 🔴 (@Pirat_Nation) May 17, 2026
The record was achieved by Chinese extreme overclocker wytiwx and validated on HWBOT.
The run used liquid helium cooling on an ASUS ROG Maximus Z790 Apex motherboard, with only the… pic.twitter.com/DFotH4kiej
رپورٹس کے مطابق اب تک صرف چند سی پی یوز ہی 9 گیگا ہرٹز کی حد عبور کر سکے ہیں۔ ایچ ڈبلیو بی او ٹی کے مطابق 9 گیگا ہرٹز سے اوپر جانے والے صرف دو نتائج ریکارڈ پر موجود ہیں، جن میں نیا 9,206 میگا ہرٹز کور آئی نائن 14900 کے ایف اور ایلمور کا 9,117 میگا ہرٹز کور آئی نائن 14900 کے ایس شامل ہیں۔
دوسری جانب اے ایم ڈی کا سب سے زیادہ فریکوئنسی ریکارڈ، جو ایف ایکس 8370 پروسیسر کے ساتھ 8,722 میگا ہرٹز پر حاصل کیا گیا تھا، اب ساتویں نمبر پر چلا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ رفتار عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں بلکہ ایک انتہائی اوور کلاکنگ تجربہ ہے، جس کے لیے خصوصی کولنگ اور طاقتور ٹیسٹنگ سیٹ اپ کی ضرورت پڑتی ہے۔ تاہم اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ انٹیل کے 14ویں جنریشن ریپٹر لیک ریفریش چپس اب بھی سی پی یو فریکوئنسی کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں برتری رکھتے ہیں۔






