مفاہمتی یادداشت پر علی بابا کلاؤڈ کے مجاز شراکت دار کی جانب سے مسٹر ہینک شاؤ جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے جناب نوید علی بیگ نے دستخط کیے۔

یہ اشتراک علی بابا کلاؤڈ پرائیویٹ لمیٹڈ سنگاپور اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان طے پایا ہے، جب کہ پاکستان میں علی بابا کلاؤڈ کے مجاز شراکت دار کوگنکس سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ اس تعاون میں معاونت فراہم کرے گا۔

معاہدے کے تحت پاکستان میں دو خصوصی علی بابا کلاؤڈ مراکز قائم کیے جائیں گے، جن میں ایک کراچی میں بنو قابل انکیوبیشن سینٹر اور دوسرا لاہور میں بنو قابل انوویشن سینٹر میں قائم ہوگا۔ ان مراکز میں علی بابا کلاؤڈ کے مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے نصاب کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے طلبہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے مواقع سے مستفید ہو سکیں گے۔

اس اشتراک کے تحت علی بابا کلاؤڈ کی جانب سے اساتذہ کے لیے مسلسل تربیتی اور سرٹیفکیشن پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ اساتذہ کو عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔

شراکت داری کے تحت مصنوعی ذہانت برائے پاکستان کا مستقبل کے عنوان سے باقاعدگی سے مصنوعی ذہانت کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں نوجوانوں کو قومی اہمیت کے مسائل کے لیے جدید اور عملی ٹیکنالوجی حل پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور معاونت بھی کی جائے گی۔

الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پلیٹ فارم پاکستان کے نمایاں تیز رفتار تعلیمی اقدامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں اب تک 11 لاکھ 50 ہزار سے زائد طلبہ رجسٹر ہو چکے ہیں، جب کہ 90 ہزار سے زائد طلبہ مختلف پروگرامز میں کامیابی کے ساتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر چکے ہیں۔

یہ اشتراک غیر تجارتی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا، روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان کے ٹیکنالوجی کے نظام کو مستحکم بنانے اور مصنوعی ذہانت و کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی جدید صلاحیتوں سے آراستہ مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔