اس موازنہ ٹیسٹ میں چار جدید ماڈلز مازدا CX-50 ہائبرڈ، سبارو فورسٹر ہائبرڈ، ٹویوٹا آر اے وی فور ہائبرڈ اور ہونڈا سی آر وی ہائبرڈشامل کیے گئے تھے۔ ماہرین نے ان گاڑیوں کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا، جن میں کارکردگی، ایندھن، ہینڈلنگ، اندرونی معیار اور عملی استعمال شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق ہونڈا سی آر وی ہائبرڈ نے سب سے متوازن مجموعہ پیش کیا۔ اس کی پاور ٹرین ہموار، سواری آرام دہ اور کیبن غیر معمولی حد تک پرسکون رہا۔ 7.1 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے والی یہ SUV ڈرائیور اور مسافروں دونوں کے لیے یکساں طور پر اطمینان بخش ثابت ہوئی۔
میگزین کے مطابق ٹیسٹ کے دوران مازدا CX-50 ہائبرڈ نے ڈرائیونگ کے لطف میں سب کو متاثر کیا مگر ایندھن کی اوسط میں پیچھے رہی، ٹویوٹا ٹویوٹا آر اے وی فور ہائبرڈنے طاقت ضرور دکھائی مگر انجن کے شور اور انٹیریئر کے سادہ معیار نے اسے محدود رکھا، جب کہ سبارو فورسٹر ہائبرڈ اپنی آل وہیل ڈرائیو کی صلاحیت کے باوجود سست کارکردگی اور سی وی ٹی گیئر باکس کے باعث کمزور ثابت ہوئی۔
کار اینڈ ڈرائیورنے اپنے تجزیے میں لکھا کہ ہونڈا سی آر وی ہائبرڈ نہ صرف ہموار اور پُرسکون ہے بلکہ یہ جدید ڈیزائن، بہترین آرام اور عملی صلاحیتوں کے امتزاج کے باعث 2025 کی سب سے متوازن ہائبرڈ ایس یو وی کے طور پر سامنے آئی ہے۔
یاد رہے کہ کار اینڈ ڈرائیورایک امریکی آٹوموٹیو شوقین میگزین ہے جس کی بنیاد 1955ء میں رکھی گئی تھی۔ اسے ابتدا میں Sports Cars Illustrated کے نام سے شائع کیا گیا، بعدازاں اس کا نام کار اینڈ ڈرائیور رکھا گیا۔
اپنے قارئین میں معتبر حیثیت رکھنے والا یہ میگزین ہمیشہ سے غیر جانبدارانہ اور تفصیلی ٹیسٹ رپورٹس کے لیے جانا جاتا ہے اور اس تازہ جائزے میں بھی اسی روایتی تجزیاتی معیار کو برقرار رکھا گیا۔
2025 کے ہائبرڈ ایس یو وی موازنہ میں ہونڈا سی آر وی نے واضح برتری کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کی سب سے بہترین ہائبرڈ ایس یو وی کا اعزاز حاصل کر لیا۔





