جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں یوم القدس کے موقع پر بڑی ریلیاں نکالی گئیں جن میں غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اسلام آباد میں مرکزی ریلی جی سکس امام بارگاہ سے شروع ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے، جب کہ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کو فوری طور پر روکا جائے۔ ریلی چائنا چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امت مسلمہ کے وقار اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کا کسی بھی صورت ساتھ دینے والا فلسطینیوں کا مجرم ہے، جب کہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل و امریکا کا انجام بہت قریب ہے۔ اس موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں قرارداد بھی منظور کی گئی۔
دوسری جانب تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں بھی یوم القدس ریلی نکالی گئی جو امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے شروع ہو کر کمیٹی چوک تک پہنچی۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔
اس موقع پر علامہ شبیہ الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکا ایران اور فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہے ہیں، پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو ظلم کے خلاف برادر اسلامی ممالک کا ساتھ دینا ہوگا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی یوم القدس کے موقع پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور فلسطینی عوام کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ کراچی میں بھی مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں، جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اسلام آباد میں یوم القدس کی حساسیت کے باعث مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا جبکہ ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا اور دیگر راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔
ادھر پنجاب میں محکمہ داخلہ کی جانب سے یوم القدس کے جلوسوں کی مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کنٹرول روم میں موجود رہے جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبے بھر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر میں یوم القدس کے 128 جلوسوں کی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ 37 ہزار 231 مساجد میں نماز جمعہ کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا گیا جبکہ جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے ہزاروں اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہے اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات کیے گئے تھے، جب کہ یوم القدس کی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔ پولیس کے مطابق صوبے بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22 اور سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی تھی کہ جمعة الوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کے باعث سکیورٹی مزید سخت کی جائے جبکہ مساجد، عبادت گاہوں، غیر ملکی سفارت خانوں اور حساس تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈولفن اسکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کو بھی حساس مقامات اور مارکیٹوں کے اطراف گشت بڑھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق شہر میں تقریباً 4 ہزار 300 پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ بازاروں اور مارکیٹوں میں اضافی نفری بھی تعینات رہی اور موبائل گشت بڑھا دیا گیا۔
دوسری جانب تہران سمیت پورے ایران میں یوم القدس پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی اعلٰی قیادت بھی یوم القدس کی ریلیوں میں شریک ہوئی، ایرانی صدر مسعود پزشکیاں تہران میں ریلی میں شریک ہوئے۔ ایرانی صدر سے لوگوں نے ہاتھ ملائے، سیلفیاں اور بھی بنوائیں۔
القدس ریلی میں ایران کے سیکرٹری نیشنل سکیورٹی کونسل علی لاریجانی نے بھی شرکت کی۔
#BREAKING
— Tehran Times (@TehranTimes79) March 13, 2026
In photos: International #QudsDay in Tehran pic.twitter.com/21S8HEvYyO
علی لاریجانی نے بھی القدس ریلی میں شرکت کی، جب کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی تہران میں ریلی میں شریک ہوئے۔
ریلی کے دوران ایرانی دارالحکومت تہران میں انقلاب اسکوائرکےقریب علاقےمیں دھماکا بھی ہوا، دھماکےکےوقت انقلاب اسکوائر پر القدس ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔
علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ القدس ریلی پرحملہ اسرائیل کی کمزوری اور کنفیوژن کو ظاہر کرتا ہے، صدر ٹرمپ نہ سمجھ سکےکہ ایرانی قوم مضبوط، آگاہ اور پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جاتی ہیں۔





