ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے اور کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں، کیونکہ مشترکہ امن کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارت کاری کا کوئی متبادل نہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی ایک مضبوط بنیاد ہے، اس لیے تمام فریق اس کے تحت کیے گئے اپنے اپنے وعدوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں مشترکہ امن اور خوشحالی کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی فوج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں پر متعدد حملے کیے تھے، جب کہ ایرانی حکام نے ان حملوں میں 8 فوجیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آج رات ایران پر مزید حملے کیے جائیں گے۔