وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے۔ مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی، پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تہران میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے، جبکہ غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ایران پہنچا ہے، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر نیئر بخاری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر پارلیمنٹیرینز شامل ہیں، جو وزیراعظم کے ہمراہ آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے، لبنانی صدر

یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور مشکل وقت میں یکجہتی کے اظہار کی ایک اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔