ریسکیو اور مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ منی ٹرک میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے جو ایک جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، تاہم راستے میں دھند کے باعث ڈرائیور کو سڑک کا درست اندازہ نہ ہو سکا اور گاڑی سڑک سے اتر کر خشک نہر میں جا گری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں، جب کہ زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
سرگودھا کوٹ مومن: گلاپور بنگلہ کے قریب المناک ٹریفک حادثہ،
— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) January 17, 2026
ٹرک دھند کے باعث نہر میں جا گرا، 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
حادثہ تھانہ مڈھ رانجھا کی حدود میں رات 1:45 بجے پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جو فیصل آباد اپنے ایک رشتہ دار کی فوتگی پر… pic.twitter.com/RSdJm33vtj
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے نہر میں گری گاڑی سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے طویل وقت تک آپریشن کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق صبح کے وقت دھند اس قدر شدید تھی کہ چند فٹ آگے دیکھنا بھی ممکن نہیں تھا، جس کے باعث علاقے میں متعدد گاڑیاں سست روی سے چل رہی تھیں۔ مقامی افراد نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دھند کے دوران ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ شدید دھند اور حدِ نگاہ میں کمی بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کی لاپرواہی کے پہلو کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑی چلاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جب کہ موٹر ویز اور اہم شاہراہوں پر دھند کے باعث حادثات کے خدشات کے پیش نظر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔






