اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی بیسمنٹ میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں عمارت لرز اٹھی اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا سینٹرل اے سی کے مرمتی کام کے دوران ہوا۔ دھماکے کے بعد وکلاء اور عدالتی عملہ فوری طور پر کھلی جگہ پر نکل آیا۔ کورٹ نمبر 6 کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے کے وقت جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس شہزاد ملک سماعت کررہے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے متاثرہ عمارت کی مکمل اسکریننگ کی۔ آئی جی اسلام آباد موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ جگہ سے دھماکا خیز مواد کے شواہد نہیں ملے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی میں انڈین پراکسی گروپ فتنہ الہندستان کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ فورسز نے فتنہ الہندستان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد ملک میں متعدد حملوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔

واضع رہے کہ عسکری ترجمان کے مطابق عزم استحکام کے تحت آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔