گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو سیاسی دباؤ اور سفارتی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر انداز میں آواز اٹھاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدہ ہے اور پاکستان اس کے تحت اپنے قانونی اور آئینی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، اگر اس حوالے سے کسی بھی قسم کا چیلنج درپیش آیا تو پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے ہو کر قومی یکجہتی کو مضبوط بنایا ہے۔
لائیو: نومنتخب وزیراعلی گلگت بلتستان کی تقریب حلف برداری https://t.co/mvsl8xz2Gu
— PPP (@MediaCellPPP) July 6, 2026
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے تاریخی اقدامات کیے، جنہیں آج بھی یہاں کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ترقیاتی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرکے تاریخ میں اپنی الگ شناخت قائم کی اور اپنی جدوجہد سے آزادی کی ایک نئی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی حکومت نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، صحت اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے گی تاکہ خطے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کے امجد حسین نے گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت سازی میں تعاون کیا گیا، جو جمہوری روایات کے استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو بھی سراہا، ملکی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پاکستان اپنی خودمختاری، قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا۔






