ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے ایران میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی شامل تھے۔

علاوہ ازیں، اعلیٰ سطحی وفد میں وفاقی وزرا محسن نقوی، عطا اللہ تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کئی دہائیوں تک ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔

انہوں نے اس قومی سانحے پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔ سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران کے ایک روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔ مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی، پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، جب کہ غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔