ذرائع کے مطابق مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو بھی آمادگی سے آگاہ کر دیا ہے، جب کہ حکومتی وفد اسپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت صرف تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات کرے گی اور غیر منتخب افراد سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب اسپیکر آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال مذاکرات کے حوالے سے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بدستور برقرار رکھی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری طور پر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر کی جانب سے پیشکش کے باوجود اب تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ اسپیکر نے تحریک انصاف کی قیادت کو اپنے چیمبر میں ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اسپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے معاملے پر ہوئی تھی۔