سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے شہدائے وطن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت مومن کے لیے سب سے بلند مرتبہ ہے اور اس کی حقیقی عظمت ہر شخص کے لیے سمجھنا ممکن نہیں

وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری بیان اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ "شہادت ہے مطلوب و مقصودِ مومن" اور یہ وہ عظیم مقام ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو عطا کرتا ہے۔ انہوں نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض حقائق ایسے ہوتے ہیں جن کی گہرائی عام فہم سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہادت کا فلسفہ دنیاوی مفادات سے بالاتر ہے اور اس کی حقیقی روح وہی سمجھ سکتا ہے جو ایمان، قربانی اور وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ راز دنیاوی سوچ رکھنے والوں یا صرف مادی مفادات کو ترجیح دینے والوں کی سمجھ سے باہر ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے شہدائے وطن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور وطن کی خاطر زخمی ہونے والے غازیوں کو کامل صحت اور استقامت نصیب فرمائے، شہدا اور غازیوں کی قربانیاں پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔

مزید پڑھیں: واشک میں پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کو کس بلوچ روایت کے تحت قتل کیا گیا؟، وزیر اعلیٰ بلوچستان

رانا ثنا اللہ کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فوجی جوانوں کی قربانیوں سے متعلق حالیہ ریمارکس پر سیاسی اور حکومتی حلقوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ اگرچہ رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کسی سیاسی شخصیت کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے ریمارکس کو حالیہ سیاسی تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ  حالیہ بیانات کے بعد شہدا کی قربانیوں اور قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی بحث میں مزید شدت آنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف جماعتوں کی جانب سے اس موضوع پر اپنے اپنے مؤقف کا اظہار بھی جاری ہے۔