پاکستان فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کی سلامتی ایسے معاملات ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

عالمی خبر رساں ادارے انڈیپنڈنٹ عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو ضروری فوجی معاونت فراہم کررہا ہے اور ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے ضروری معاونت پہلے ہی فراہم کی جارہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم، آپریشنل رازداری کے تقاضوں کے باعث اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی جاسکتیں۔

یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو براہِ راست فوجی معاونت فراہم کرنے کے امکان پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ آیا پاکستان کو اس حوالے سے کوئی باضابطہ درخواست موصول ہوئی ہے یا نہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کوئی درخواست موصول ہونے پر اس کا جائزہ لے کر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

مکہ دفاعی معاہدہ کیا ہے؟

سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے درمیان گزشتہ اگست میں طے پانے والے ’مکہ معاہدے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس اتحاد نے مختصر وقت میں غیرمعمولی پیش رفت کی ہے۔ ان کے مطابق، معاہدے پر شک کرنے والے بنیادی طور پر وہ لوگ ہیں جنہیں اس اتحاد سے مسئلہ ہے، جبکہ اس کی اصل اہمیت نتائج سے سامنے آئے گی۔

انہوں نے اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور سیاسی، تزویراتی و دفاعی کمیٹی کی تشکیل کا ذکر کیا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق، یہ اتحاد سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے مضبوط تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سلامتی و استحکام کے مشترکہ وژن پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 پر مبنی ہے، جو ممالک کو اپنے دفاع کا حق دیتی ہے۔ اجتماعی دفاعی نظام کا مقصد ان فریقوں کو واضح پیغام دینا ہے جو خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فریق تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف براہِ راست یا بالواسطہ جنگ شروع کرتا ہے تو ردعمل اجتماعی ہوگا۔
مزیدبراں، پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجع طامی البقمی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب کے نئے سفیر کو تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔

پاکستان میں غم و غصہ

حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو لاحق خطرات کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان حملوں کے بعد پاکستان میں عام شہریوں، بچوں، نوجوانوں اور سیاسی و عسکری قیادت میں غم و غصہ پایا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی بھی سمجھ دار شخص سعودی عرب پر حملہ کیسے کرسکتا ہے یا مقدس مقامات کو دھمکی دینے کا تاثر کیسے دے سکتا ہے۔

ان کے مطابق، اسلامی مقدسات کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ یا تحفظات قبول نہیں کیے جاسکتے اور پاکستان کا فوجی مؤقف اسی عزم سے جنم لیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجی تنازعات میں شدت پیدا کرنا یا ان کا دائرہ وسیع کرنا اسلامی ممالک اور ان کے عوام کے مفاد میں نہیں۔ اگر مذاکرات کے ذریعے تصفیہ ممکن نہ ہوا اور صورتِ حال فوجی تصادم میں تبدیل ہوگئی تو مکہ معاہدے کے تحت اجتماعی دفاعی نظام فعال ہوجائے گا۔

مصر کی سعودی عرب کو مدد کی پیشکش

مصر نے بھی سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ مصری ایوانِ صدر کے مطابق، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایران کے اتحادی یمنی حوثیوں نے سعودی عرب پر حملے تیز کردیے، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے پارلیمان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا تاکہ سعودی عرب کی درخواست پر اس کے دفاع میں مدد کے لیے مصری فوج کو کارروائی کی اجازت دینے کے معاملے پر غور کیا جاسکے۔ مصری فوج عرب دنیا کی بڑی افواج میں شمار ہوتی ہے۔

دو ارکانِ پارلیمان اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس معاملے پر ووٹنگ اتوار کو متوقع تھی، تاہم مزید بحث پیر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت کے اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حالیہ ہفتوں میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ حوثی دارالحکومت صنعا سمیت شمالی یمن کے بڑے علاقوں پر قابض ہیں۔ یہ لڑائی امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے تناظر میں علاقائی کشیدگی کا ایک اور محاذ بن گئی ہے۔

حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ

حالیہ دنوں میں حوثیوں نے ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سعودی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملے سعودی حمایت یافتہ فورسز کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کے دوران کیے گئے۔

حوثیوں کی پیش قدمی سے بحیرۂ احمر اور خلیجِ عدن کے درمیان واقع تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب سے تیل کی ترسیل کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ یہ صورتِ حال جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اتوار کو ابوظہبی کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔ اماراتی ذرائع کے مطابق، ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔