رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے سردار تنویر الیاس کے قافلے کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سردار تنویر الیاس کے سابق معاونِ خصوصی سردار امتیاز شاہین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ حملے کے دوران قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

اطلاعات کے مطابق سردار تنویر الیاس اپنے قافلے کے ہمراہ دو روزہ دورے پر راولاکوٹ جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔

حملے میں جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کی شناخت سردار آصف یوسف کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ٹیڑہ گوراہ، پلندری سے تھا۔ وہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم پاکستان کی سیکیورٹی ڈیوٹی سے ریٹائر ہوئے تھے اور بعد ازاں سردار تنویر الیاس کی ذاتی سیکیورٹی پر مامور تھے۔

رپورٹس کے مطابق سردار آصف یوسف سر پر گولی لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔