تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے اہم علاقے مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم محمد حسین ضلع خیبر کا رہائشی تھا اور پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد ہلاک ملزم کے قبضے سے پی ٹی آئی کا پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

واقعے کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تشدد کی سیاست کرنا اور اسلحے سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن تمام تر احتجاج میں اسلحے سے لیس ہو کر آئے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر فائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں اور اس واقعے سے بہت سی چیزیں سامنے آگئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور امن و امان کی صورتحال کو تباہ کرنا ہے، جبکہ مسلح ہو کر دن دیہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے، جبکہ اس کے احتجاجوں کا ریکارڈ موجود ہے کہ وہ ہمیشہ اسلحے سے لیس ہو کر آئے۔

عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہید ہوئے اور پارٹی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے، تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ بن چکا ہے اور ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق آج کے واقعے سے بھی بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکن سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، جبکہ پاکستان کی ترقی انہیں ہضم نہیں ہو رہی اور یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں اور وہ امن و امان کو تباہ کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر فتح حاصل ہوگی جبکہ دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔