وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی موجودہ ذخائر، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا خاطر خواہ ذخیرہ موجود ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کے بروقت عملی اقدامات اور ہدایات کی بدولت ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے مؤثر انتظامات کیے جا سکے ہیں۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتِ حال کے پیشِ نظر ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں مزید بچتی اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عمل درآمد سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے عوام سے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کی ہے تاکہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خدشات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی عہدیدار کے پاکستانی میزائل صلاحیت سے ممکنہ خطرے کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، دفترِ خارجہ
اجلاس میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا اور بدلتے حالات کے مطابق طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔ پیٹرول کی بچت کے لیے کار پولنگ کو فروغ دیا جائے، اجتماعی نقل و حرکت اختیار کی جائے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، جبکہ ایندھن بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ بھی رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی فوری نشاندہی کر کے بروقت تدارک کیا جا سکے۔






