اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2025ء نہ صرف دفاعی کامیابیوں کا سال تھا بلکہ معاشی میدان میں بھی ملک نے نمایاں پیش رفت کی، ایک ایسے وقت میں جب پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، موجودہ حکومت نے معیشت کو سہارا دیا، کیونکہ دیوالیہ ہونے کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانا بھی ممکن نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، جو مضبوط معیشت اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ صرف دسمبر کے مہینے میں 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جب کہ مجموعی طور پر معاشی بہتری کے ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت ماضی میں لوگوں کو ترسیلات زر پاکستان بھجوانے سے روکتی رہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں کے نتیجے میں پاکستان کو تجارتی میدان میں نئی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ ملائیشیا نے پاکستان سے حلال گوشت اور چاول درآمد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جب کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے بھی ملک کو فائدہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت اور دفاعی شعبے میں تعاون کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو سفارتی تنہائی کا شکار کیا گیا، جس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت تھی، تاہم اب پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی آج پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی جنگی طیارے گرانے پر دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کی معترف ہے اور آج پاکستانی گرین پاسپورٹ کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے، پالیسی فریم ورک اور ملائیشیا کے ساتھ تجارتی پیش رفت کو اہم سفارتی کامیابیاں قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2025ء پاکستان کے لیے ہر اعتبار سے کامیابیوں کا سال رہا، جس میں عسکری، معاشی اور سفارتی محاذ پر اہم فتوحات حاصل ہوئیں۔ معرکۂ حق میں پاکستان نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدقسمتی سے ایک چھوٹے دل والی حکومت مسلط ہے۔ انہوں نے لاہور کے دورے کے دوران خواتین کی توہین کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو نشانہ بنانے والے بزدل ہوتے ہیں اور اگر طاقت ہے تو حوصلے سے بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے اور آخری دم تک اس کا تعاقب کر کے اس کا خاتمہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو لا کر بسایا اور ان کا لیڈر دہشت گردوں کو شہید کہتا رہا، جب کہ پاک فوج کے شہداء کے لیے کبھی ایک لفظ بھی ادا نہیں کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج قوم دہشت گردی کا جو خمیازہ بھگت رہی ہے، اس کے پیچھے تحریکِ انتشار کا سیاسی ونگ ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کے کردار کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر طعنے کسنے والوں کے کردار سے قوم بخوبی واقف ہو چکی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی زبانیں لڑکھڑا جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس
— PTV News (@PTVNewsOfficial) January 9, 2026
2025ء ہر حوالے سے کامیابیوں کا سال تھا، وزیر اطلاعات
پاکستان نے معرکہ حق میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کی، وزیر اطلاعات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے فتح کے جھنڈے گھاڑے، وزیر اطلاعات
2025ء جہاں عسکری… pic.twitter.com/Y71sGxkUem
وفاقی وزیر نے عوامی نیشنل پارٹی کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائیں، جب کہ دوسری جانب پی ٹی آئی دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھتی ہے، آپریشن ضربِ عضب کے بعد خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا۔
عطاء اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا کی 12 سالہ حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گورننس، صحت اور تعلیم کے شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں، جب کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور ملک کے دیگر حصوں میں واضح ترقی نظر آ رہی ہے۔






