سندھ کے دورے کے حوالے سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوامی تحریک کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری جاری ہے اور اس سلسلے میں سندھ کے عوام بھرپور کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے ہر شہر اور گاؤں تک پہنچائیں گے۔
ان کے مطابق اتوار کو ساڑھے چار بجے مزارِ قائد کراچی پر ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جسے شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے بتایا ہے کہ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور صوبائی وزیر ناصر شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد جلسے کے لیے باضابطہ اجازت نامہ آج ملنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جلد کراچی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پارٹی رہنماؤں اور مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔






