لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افتتاحی پرواز کی روانگی کے موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایئرلائن انتظامیہ، ایئرپورٹ حکام اور مسافروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر روایتی طور پر کیک بھی کاٹا گیا جبکہ فضائی عملے اور مسافروں کو خوش آمدید اور رخصت کرنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کو رخصت کیا اور نئی سروس کے آغاز کو قومی ایئرلائن کے نیٹ ورک کی توسیع میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا، لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع ہونے سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مانچسٹر سے لاہور کی پہلی براہِ راست پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی، جس کی آمد اور روانگی کے موقع پر مانچسٹر ایئرپورٹ پر بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، وہاں پی آئی اے کے مقامی نمائندوں اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے پرواز کو خوش اسلوبی سے روانہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اس نئے روٹ کے آغاز کے بعد پی آئی اے کے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جن میں چار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔ اس اضافے کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو زیادہ سہولت اور بہتر سفری آپشنز فراہم کرنا ہے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق لاہور-مانچسٹر براہِ راست روٹ کی بحالی نہ صرف تجارتی اور سفری سرگرمیوں میں اضافہ کرے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو بھی مزید فروغ دے گی۔ خاص طور پر برطانیہ میں رہائش پذیر لاکھوں پاکستانیوں کو اپنے وطن آمد و رفت میں آسانی میسر آئے گی۔

مزید پڑھیں: مون سون کے دوران لاہور ایئرپورٹ پر فضائی حفاظت کے خصوصی اقدامات نافذ. نوٹم پی اے اے

ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یورپ اور برطانیہ کے دیگر اہم شہروں کے لیے بھی براہِ راست پروازوں کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کا منصوبہ زیر غور ہے، تاکہ قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی سروسز کو دوبارہ مضبوط بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ  لاہور سے مانچسٹر براہِ راست پروازوں کا آغاز نہ صرف پی آئی اے کے لیے تجارتی اعتبار سے اہم ہے بلکہ یہ اقدام پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی بحالی کی جانب بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔