کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ دھماکا کسی حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ تھانے کے بارودی مواد کے کمرے میں موجود پرانے دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ آگ لگنے سے مزید بارود بھی پھٹ گیا۔
سی سی پی او کے مطابق ایک سی ٹی ڈی اہلکار موقع پر شہید ہوا اور دو زخمی ہیں، تاہم تمام زیرِ حراست افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز، بم ڈسپوزل یونٹ، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائیاں شروع کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، تاہم حتمی نتیجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق سی ٹی ڈی تھانے اور اردگرد کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید معلومات ملنے پر میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔






