لاہور پولیس کمانڈ کی ہدایات پر قانون شکن عناصر کے خلاف سائنسی اور جدید بنیادوں پر کارروائیاں پورے سال جاری رہیں۔

ترجمان کے مطابق سال 2025 کے دوران موبائل اسکواڈ نے 2 ہزار 286 اشتہاری ملزمان، 1 ہزار 475 عدالتی مفروران اور 281 عادی مجرمان کو گرفتار کیا۔

ای پولیس سافٹ ویئر کی مدد سے سال 2025 کے دوران 43 لاکھ 5 ہزار 300 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جب کہ 8 لاکھ 78 ہزار 844 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 902 بوتلیں شراب، 230 کلو چرس، 5 کلو آئس اور 60 کلو دیگر منشیات برآمد کی گئیں۔ یہ کارروائیاں مجاہد اسکواڈ نے انجام دیں۔

ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم کے دوران 195 پسٹلز، 96 رائفلیں، 48 پمپ ایکشن بندوقیں اور درجنوں گولیاں و میگزینز برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق سال 2025 میں 24 ہزار 798 بلیک پیپر گاڑیوں اور 56 نیلی بتی والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

ایس پی موبائل اسکواڈ کے مطابق ای پولیس سافٹ ویئر کی مدد سے چوری شدہ، ٹیمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس پی اختر نواز نے کہا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم ای پولیس پوسٹ سافٹ ویئر کے ذریعے ملزمان اور مفرور مجرموں کی شناخت کا عمل مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناکہ جات پر شہریوں سے غیر شائستہ رویہ اور بلاوجہ روک ٹوک پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ناکہ جات پر چیکنگ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جائے گی اور کسی بھی شہری کو بلاوجہ تنگ یا ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

ایس پی اختر نواز نے واضح کیا کہ شہریوں سے ناروا سلوک، اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔