ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار قاہرہ میں ہونے والے آر فور گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ علاقائی سلامتی، سیاسی صورتحال، باہمی تعاون اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں، اقتصادی تعاون کے فروغ اور مختلف عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اجلاس کے دوران شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں پاکستان کے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور گروپ خطے کے اہم ممالک کے درمیان رابطہ کاری کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے علاقائی مسائل، امن و سلامتی اور مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات پر مشاورت کی جاتی ہے۔

سفارتی حلقوں کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال میں ان چاروں ممالک کا اجلاس خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال، انسانی بحرانوں اور عالمی طاقتوں کے کردار کے باعث مسلم ممالک کے درمیان مشاورت کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: تیسری عالمی جنگ کا 200 فیصد خطرہ تھا، پاکستان نے دنیا کو تباہی سے بچا لیا: رانا ثنا اللہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے میں امن کے قیام، سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے اور مختلف بحرانوں کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

پاکستانی حکام کے مطابق پاکستان ہمیشہ علاقائی امن، خودمختاری کے احترام اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی پالیسی پر قائم رہا ہے، اور ایسے فورمز پر فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔