لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ غسل کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس حوالے سے قابلِ تحسین خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو ایران پر حملے کے بعد پاکستان نے فوری طور پر اس کی مذمت کی، جبکہ دیگر ممالک خاموش رہے۔ ان کے بقول مشکل وقت میں پاکستان واحد ملک تھا جو ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین پر عمل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چھوٹے اور بڑے تمام ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا پاکستان کی صلاحیتوں اور کردار کی معترف ہو چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف بری نظر سے دیکھنے کی کوشش کی تو ملک اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔