قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن اہم پیش رفت کا دن ہے اور وہ قومی معاملات سے متعلق ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر حالیہ سفارتی پیش رفت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ طاقت کے بجائے مذاکرات، مفاہمت اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے، کیونکہ خطے کا امن ہی تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پیش رفت کے لیے پاکستان نے بھرپور سفارتی کوششیں کیں، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران پاکستان نے دونوں فریقوں کے درمیان رابطہ کاری اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس پورے عمل میں خلوص، سنجیدگی اور غیر جانب داری کا مظاہرہ کیا۔ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سفارتی رابطے جاری رہے اور کئی گھنٹوں کی مشاورت کے بعد مشترکہ اعلامیے پر اتفاق کیا گیا، جسے تمام متعلقہ فریقوں نے تسلیم کیا۔
وزیراعظم کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ آئندہ 60 روز کے دوران تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے۔ ان مذاکرات میں جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل پروگرام، منجمد اثاثوں اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد صرف کشیدگی کم کرنا نہیں تھا بلکہ خطے میں ایک مستقل امن کی بنیاد رکھنا بھی تھا۔ اگر مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھتے ہیں تو یہ عمل ایک جامع اور دیرپا معاہدے کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو نمایاں کوریج دی ہے، ملک کا مثبت عالمی تشخص ایک بڑی کامیابی ہے جسے محض مالی وسائل خرچ کرکے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ تنازعات کا حل بات چیت اور سفارتکاری سے ممکن ہے۔
مزید پڑھیں: سوئٹزرلینڈ میں پہلا مذاکراتی دور کامیابی سے مکمل، پاکستان کردار ادا کرتے رہے گا: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں اقتصادی تعاون، تجارت اور رابطوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر اہم بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، ترقی اور تعاون کے راستے پر گامزن ہے اور مستقبل میں بھی عالمی و علاقائی مسائل کے حل کے لیے تعمیری سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔






