پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں مختلف اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں۔ ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، عالمی سرمایہ کاری اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے ملکی ترقی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، معدنی شعبے کی ترقی پاکستان کی معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے کا اہم حصہ ہے اور حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس شعبے کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی معدنی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت اور معدنی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کے لیے ان کا اعتماد قابلِ تحسین ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحات اور محتاط مالیاتی انتظام کے ذریعے معاشی استحکام کے حصول میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ حکومت کی توجہ سرمایہ کاری، تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کو فروغ دینے پر مرکوز ہے، جبکہ معدنی وسائل کی ترقی بھی اسی معاشی حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کو ملک میں موجود مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتی مشنز نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم محض سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرنے کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ عالمی معاشی تبدیلیوں میں پاکستان کی فعال شمولیت اور بین الاقوامی شراکت داری کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
نائب وزیراعظم نے بلوچستان کو پاکستان کے معدنی مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجود معدنی وسائل ملکی معیشت کے لیے نئی راہیں کھولنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان وسائل کو مؤثر انداز میں ترقی دینے سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں اور پاکستان عالمی معدنی منڈی میں اپنی پوزیشن بہتر بنا سکتا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید صنعتی پیداوار کے عالمی شعبوں میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ بیٹری اسٹوریج اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے عالمی شراکت داریوں کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے قومی قیادت کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت نے اپنے خیالات میں اتحاد اور واضح مؤقف کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق قومی سطح پر اتفاق رائے اور مشترکہ کوششیں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے اہم ہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی قومی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معدنی شعبے کی ترقی اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں اور عالمی سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔







