وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس پارٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور فرض شناسی، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر مثال قائم کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کے امن، سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ قوم اپنے بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے پیاروں کو قربان کرنے والے خاندانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث احترام ہیں۔
وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف مضبوط عزم کا ثبوت قرار دیا، پولیس اہلکاروں نے مشکل حالات میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے ملک کے امن و استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کے درمیان گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش ہے۔ ایسے عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، تاہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور پولیس کے افسران و اہلکار جس بہادری، جرأت اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے تمام سکیورٹی ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز یا پولیس کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے ساتھ ان کے نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







