ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے دوچار ممالک کو ایسے مالی وسائل کی ضرورت ہے جو انہیں مزید قرضوں کے بوجھ تلے نہ دبائیں، قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد متاثرہ ممالک کو بروقت مدد فراہم کرنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے گرانٹس پر مبنی مالی معاونت، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ماحولیاتی لچک پیدا کرنے کے منصوبوں کی حمایت کرتا ہے، ماحولیاتی مطابقت (ایڈاپٹیشن) کے لیے مختص فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ کمزور معیشتوں کے حامل ممالک قدرتی آفات کے نقصانات سے بہتر انداز میں نمٹ سکیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی آفات کے دوران متاثرہ ممالک کو فوری وسائل کی ضرورت ہوتی ہے، ایسے حالات میں انہیں مزید قرضوں کا بوجھ دینا مسائل میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، ماحولیاتی لچک اور بحالی کے فنڈز ترقی پذیر اور کمزور معیشتوں کے لیے محض مالی معاونت نہیں بلکہ ان کی بقا اور مستقبل کے تحفظ کا اہم ذریعہ ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے صاف اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا، پاکستان کی توانائی کی تقریباً 55 فیصد ضروریات صاف ذرائع سے پوری کی جارہی ہیں، جو ملک میں توانائی کے شعبے کو ماحول دوست بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال اور ای موبیلٹی کے فروغ کے لیے بھی تیزی سے اقدامات کررہا ہے۔ اس سلسلے میں ملک نے 2035 تک اپنے متوقع کاربن اخراج میں تقریباً 50 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے، صاف توانائی کی جانب منتقلی اور کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے قومی سطح پر اقدامات جاری رہیں گے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے صرف انفرادی ممالک کی کوششیں کافی نہیں، بلکہ عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اور منصفانہ مالی معاونت ضروری ہے، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان وسائل اور ذمہ داریوں کے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جس کے ذریعے موسمیاتی خطرات سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو مناسب مدد مل سکے۔
رواں سال ہونے والی کوپ 31 کانفرنس میں تقریباً 200 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ اجلاس میں عالمی حدت، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی، کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
یہ عالمی کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہورہی ہے جب دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے ساتھ جنگوں، معاشی دباؤ اور دیگر عالمی بحرانوں کا بھی سامنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک مشترکہ عالمی چیلنج ہے، جس کے حل کے لیے محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور متاثرہ ممالک کو بروقت مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔







