ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو 21 ستمبر 2026 کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے سیکشن 3 کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری ایسے وقت میں عمل میں آئی تھی جب پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی سرگرمیاں جاری تھیں اور اسلام آباد مارچ کی تیاری بھی کی جا رہی تھی۔

حکام کی جانب سے اس وقت مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دونوں خواتین کی سرگرمیاں امن عامہ کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، جس کے باعث انہیں حفاظتی حراست میں لیا گیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے ان گرفتاریوں کو سیاسی دباؤ قرار دیتے ہوئے ان پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں حکومت نے دونوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی تھی، جس کے باعث ان کی رہائی میں تاخیر ہوئی۔ اس دوران ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر بحث رہا اور اہل خانہ کی جانب سے اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

حراست کے دوران نورین نیازی کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اکتوبر میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈاکٹر عظمیٰ خان کی ادویات اور ضروری طبی سہولیات سے متعلق معاملہ بھی قانونی سطح پر اٹھایا گیا تھا۔

دونوں بہنوں کی رہائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان کی صحت، اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقاتوں اور علاج معالجے کے معاملات پر پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنما اور اہل خانہ بانی پی ٹی آئی کی طبی صورتحال اور انہیں دستیاب سہولیات سے متعلق وضاحت کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

11 نومبر کو عمران خان سے ان کی قانونی ٹیم کی ملاقات بھی ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی آنکھ کے علاج کے لیے پمز اسپتال منتقلی سے متعلق اطلاعات سامنے آئیں۔ اس پیش رفت کے تناظر میں ان کی بہنوں کی رہائی کو بھی سیاسی حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے۔