وزیراعظم نے تربیت مکمل کرکے پاک بحریہ کا حصہ بننے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، استقامت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ لگن کا ثمر ہے، آج سے یہ نوجوان افسران ایک ایسی عظیم بحری روایت کا حصہ بن رہے ہیں جس نے ہمیشہ قومی دفاع، سمندری سلامتی اور ملک کے وقار کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور خطے کو پیچیدہ سکیورٹی، معاشی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں مضبوط دفاعی ادارے، جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت کسی بھی ملک کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان ان تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ صرف ملکی سمندری سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ بحر ہند اور خطے میں امن، استحکام اور محفوظ بحری گزرگاہوں کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ قومی دفاع کا ایک مضبوط ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ طاقت کے استعمال کے بجائے امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے، خطے میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام مسائل کو بات چیت، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کیا جائے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحری جنگ کے تقاضے تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور مستقبل کی جنگیں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر صلاحیتوں اور بغیر پائلٹ نظاموں کے گرد گھومیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ ان تمام جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے تاکہ ہر قسم کے ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
نئے افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اصل قیادت آسان حالات میں نہیں بلکہ مشکلات اور آزمائشوں میں سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرسکون سمندر کسی ملاح کی مہارت کا امتحان نہیں لیتا بلکہ طوفانی حالات ہی انسان کے حوصلے، کردار اور قائدانہ صلاحیتوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہر حال میں دیانت، فرض شناسی، نظم و ضبط اور قومی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
مزید پڑھیں: امیرِ قطر کا رواں سال پاکستان کے دورے کا اعلان؛ پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی خدمت دنیا کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور پاک بحریہ کے نوجوان افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی مفادات، ملکی سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہیں، قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے اور عوام کی حمایت ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات اور میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔ بہترین مجموعی کارکردگی پر آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل سے نوازا گیا، جبکہ دیگر نمایاں کیڈٹس کو بھی مختلف اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔
اس پروقار تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پاک بحریہ کے سینئر افسران، اعلیٰ عسکری و سیاسی شخصیات، سفارتی نمائندوں اور کیڈٹس کے اہلِ خانہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب شاندار فوجی روایات، نظم و ضبط اور قومی جذبے کی بھرپور عکاسی کرتی رہی، جبکہ پاسنگ آؤٹ پریڈ نے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔






