وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ریاض میں سعودی وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری بھی شریک تھے۔ یہ ملاقات پاکستان سعودی دوطرفہ فنانس گروپ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مالیاتی، سرمایہ کاری، توانائی اور بجلی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے توانائی کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری، تعاون اور مستقبل کے امکانات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی شراکت داری کو وسعت دے کر اقتصادی، مالیاتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، جس سے مشترکہ ترقی، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان یہ ملاقات اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اظہار قرار دی جا رہی ہے۔