وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی قطر پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی اس دورے میں شریک ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تجارت، افرادی قوت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مرحوم کی خطے کی ترقی، سفارت کاری اور پاکستان و قطر کے تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کی مضبوطی اور اعلیٰ سطح پر جاری روابط کا مظہر ہے۔ پاکستان اور قطر مختلف شعبوں، خصوصاً توانائی، سرمایہ کاری، تجارت اور افرادی قوت کے میدان میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک مستقبل میں اس شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس پر پاکستان سمیت مختلف ممالک کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ قطر اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد قطری قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی اور تعزیت کرنا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔






