وزیراعظم نے اپنے خط میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے برادر عوام اور امتِ مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت اور دعاؤں کا پیغام بھی دیا۔
خط کے متن کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستانی عوام شدید رنجیدہ ہیں اور اس مشکل گھڑی میں پاکستان ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت آنے والے برسوں میں ایران کو امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
I congratulate His Eminence Ayatollah Mojtaba Khamenei on his assumption of the responsibilities of Supreme Leader of the Islamic Republic of Iran. I also reiterate deepest condolences and prayers on behalf of the people of Pakistan on the martyrdom of his father, Ayatollah Ali…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 10, 2026
وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط کی طویل روایت موجود ہے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مشترکہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور کامیابی کے لیے دعا کی اور ایران کے عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اپنے خاندان کے بعض دیگر افراد کے ہمراہ شہید ہوگئے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد دو روز قبل آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کر چکی ہے۔





