سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر کے اغوا اور ان کے خلاف غیرقانونی مقدمہ قائم کیے جانے کے بعد دنیا ایک بار پھر نوآبادیاتی نظام (نیو کالونیلزم) کی کھلی واپسی دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب براہِ راست دیگر ممالک کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور ایک عالمی غنڈے کی طرح رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل المیہ عالمی طاقتوں کی خاموشی ہے، جو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی خفیہ طاقت کی بندربانٹ کو پہلے ہی قبول کر لیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے قصائی نیتن یاہو کو واشنگٹن کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، جب کہ ٹرمپ ہر اس آواز کو نشانہ بنا رہے ہیں جو اس ظلم کے خلاف اٹھتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایک حقیقت ناقابلِ تردید ہے کہ ظلم اور ناانصافی پر قائم نظام کبھی دیرپا ثابت نہیں ہوتے، خود امریکا کے اندر بھی ان اقدامات پر عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر میں انسانیت، انصاف اور بین الاقوامی قانون کے لیے کھڑی ہونے والی قوتوں کو متحد ہو کر ان اقدامات کے خلاف مزاحمت کرنا ہوگی، کیونکہ خاموشی مزید تباہی کو جنم دے گی۔






