سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کو فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کی بنیادی افادیت برقرار ہے یہ تینوں گاڑیاں عالمی ادارے کے زیراستعمال رہ چکی ہیں اور ان کی بلٹ پروفنگ مقامی سطح پر نہیں بلکہ عالمی معیار کے مطابق کی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو دی گئی یہ گاڑیاں 15 سال پرانے ماڈل کی ہیں تاہم ان کی حفاظتی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی۔ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کے پی پولیس کے حوالے تین بلٹ پروف گاڑیاں کی تھیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس کو وفاق کی جانب سے فراہم کردہ گاڑیاں نہ لینے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے ان گاڑیوں کو پرانی اور ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو نئی بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور مزید سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کے پی پولیس کو فنڈز کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔