محمود خان اچکزئی 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں بلوچستان کے حلقہ این اے 266 چمن سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ پشتون قومی حقوق کے علمبردار کے طور پر جانے جاتے ہیں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ بھی ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات کے لیے انہیں مکمل اختیارات بھی دیے ہوئے ہیں۔

1948 میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے محمود خان اچکزئی نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے سول انجینئرنگ میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 1989 سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ہیں اور 2002، 2013 اور 2024 میں مختلف قومی اسمبلی حلقوں سے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سیاسی فضا میں بہتری؟ ، محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد محمود خان اچکزئی نے سیاسی بحران میں آئینی عمل اور جمہوری تسلسل کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے بار بار عدلیہ، فوج اور دیگر اداروں پر زور دیا کہ وہ آئین کے دائرے میں رہ کر کام کریں اور سیاسی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔

محمود خان اچکزئی نے حکومت مخالف اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے سیاسی احتجاجات اور جلسوں میں حصہ لیا ہے اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے بھی تیار رہنے کا پیغام دیا ہے۔