ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پنجاب میں جاری حکومتی اقدامات، عوامی فلاحی منصوبوں اور صوبائی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر حکومت اور اسمبلی کے درمیان بہتر رابطہ کاری، قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے اثرات عوامی سطح پر نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی سہولت سے متعلق منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ، صفائی، رہائش اور دیگر شعبوں میں شروع کیے گئے منصوبے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیے گئے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسوں کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام اور ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کو بھی اہم اقدامات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے براہ راست عوامی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس صوبے کی ترقیاتی ترجیحات، عوامی ضروریات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور عوامی مسائل کو ایوان میں مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اسمبلی اپنا کردار ادا کرے گی۔
ملک محمد احمد خان نے نوجوانوں اور خواتین کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ روزگار، تعلیم اور تحفظ کے حوالے سے مختلف منصوبے نئی نسل کے لیے مثبت مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک ہیں اور مختلف منصوبوں کی نگرانی خود کر رہی ہیں، جس سے انتظامی معاملات میں بہتری آئی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے اور ایوان کی کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے اسپیکر کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ قانون سازی کا عمل جمہوری نظام کا بنیادی حصہ ہے اور حکومت اسمبلی کے ساتھ بہتر روابط کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا، ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا اور صوبے میں سہولیات کا دائرہ مزید وسیع کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر شہری تک پہنچ سکیں، حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے اور تمام اداروں کے تعاون سے پنجاب کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی اور پالیسی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔






