پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم (NOTAM) کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور ایئرپورٹ کے رن ویز مخصوص اوقات میں عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گے۔ یہ انتظامات 5 جولائی سے 15 ستمبر تک نافذ رہیں گے۔
نوٹم کے مطابق روزانہ صبح 5 بج کر ایک منٹ سے صبح 8 بجے تک رن ویز پر معمول کی پروازوں کے لیے آپریشن محدود رہے گا۔ اس دوران پرندوں کی سرگرمیوں کی نگرانی اور فضائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران موسم کی تبدیلیوں کے باعث پرندوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے طیاروں کو ممکنہ خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پائلٹس کو پروازوں کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ان عارضی آپریشنل تبدیلیوں کے باعث شیڈول کمرشل پروازوں کو متبادل اوقات میں چلایا جائے گا تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہ سکے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں لینڈنگ کی سہولت بدستور دستیاب رہے گی اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات موجود ہیں۔
پی اے اے کے مطابق ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کا مقصد مسافروں، عملے اور طیاروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ متعلقہ ادارے رن ویز کے اطراف پرندوں کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔
حکام نے ایئرلائنز اور پائلٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور پروازوں کے شیڈول سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔






