عالمی یومِ انسدادِ منشیات اور غیر قانونی اسمگلنگ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال اور اسمگلنگ نہ صرف انسانی جانوں بلکہ معاشی اور سماجی استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ رواں برس عالمی دن کا موضوع  دیرینہ مسائل، نئے چیلنجز اور منشیات سے پاک مستقبل کے لیے اختراعی اقدامات  ہے، جو اس عالمی مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے قومی استعداد کار میں اضافے، اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے ذریعے ہی معاشرے کو اس ناسور سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اس مقصد کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ منشیات فورس منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام، طلب میں کمی، عوامی آگاہی، علاج اور بحالی کے شعبوں میں مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جب کہ حکومت قانون کے نفاذ، روک تھام اور بحالی کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔

شہباز شریف نے انسدادِ منشیات فورس کے ان شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنانے کی کوششوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا۔ایران مذاکرات میں عارضی وقفہ، تکنیکی بات چیت آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوگی: پاکستان

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں آگاہی اور بچاؤ کے پروگرامز کو وسعت دے رہی ہے، جب کہ علاج اور بحالی کی سہولیات کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ کارروائیوں اور علاقائی تعاون کے ذریعے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، سماجی رہنماؤں، میڈیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خلاف قومی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔