نیشنل ہائیویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر متعدد موٹرویز پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ موجودہ صورتحال کے مطابق موٹروے ایم ون صوابی سے پشاور تک بند ہے جبکہ موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند ہے، جبکہ موٹروے ایم فور ہی شیر شاہ سے شام کوٹ تک اور موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک اور موٹروے ایم فورٹین ٹھٹی کلراں سے عیسیٰ خیل تک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
شاہراہوں کی بندش کے باعث مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل موسم اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، جبکہ دورانِ سفر متبادل راستوں کا استعمال کریں۔







