تفصیلات کے مطابق محسن نقوی اور عباس عراقچی کے درمیان ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے بھی پاکستانی ہم منصب کا استقبال کیا تھا۔ محسن نقوی اور سکندر مومنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کو خطے میں پائیدار امن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگا اور کچھ ہی دیر میں روانگی عمل میں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد مذاکرات کے دوران دوسرے فریق سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرے گا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران اپنے وعدوں پر قائم ہے اور دوسرے فریق کے لیے بھی اپنے وعدوں کی پاسداری ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صہیونی حکومت کو لبنان پر حملے بند کرنے پر مجبور کیا جانا چاہیے۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ ایران نے معاہدہ اس لیے نہیں کیا کہ اس پر عمل نہ ہو۔ اگر امریکا اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرے گا تو ایران بھی ضروری اقدامات کرے گا۔