انڈیا کی جانب سے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ایک سال مکمل ہونے پر انڈین وزیر دفاع  راج ناتھ سنگھ کی جانب سے دہرایا جانے والا بیانیہ مایوسی اور بے چینی کا عکاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن بین الاقوامی سطح پر ثابت نہیں ہو سکا اور اس نے انڈیا کی جانب سے خودساختہ بحران پیدا کرنے کی پالیسی کو بے نقاب کر دیا۔

وزیر دفاع کے مطابق انڈیا کی جانب سے دھمکی آمیز زبان کا استعمال کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایک متوقع اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا اپنی داخلی کمزوریوں کو بیرونی خطرات کا رنگ دے کر پیش کرتا ہے اور گمراہ کن الزامات کے ذریعے کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ مخصوص سیاسی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ایسی ناکام مہم جوئی کے سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کی یاد آج بھی تازہ ہے اور مستقبل میں پاکستان کا ردعمل مزید مضبوط اور فیصلہ کن ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کے لیے پُرعزم ہے، تاہم ملکی دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی نہایت خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے، اس لیے انڈیا کو چاہیے کہ وہ اپنی اسٹریٹجک اور سفارتی سطح پر بڑھتی ہوئی بے چینی کا خود سامنا کرے۔