مریم نواز شریف کی قیادت میں اسموگ کنٹرول پلان مؤثر انداز میں جاری ہے، جس کے تحت آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

محکمہ ماحولیات اور ایئر پالیوشن اتھارٹی کی جانب سے چوبیس گھنٹے نگرانی کے ساتھ جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے فضائی معیار پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اے کیو آئی میں بہتری حکومتی پالیسیوں، اداروں کے باہمی تعاون اور عوامی ذمہ داری کا نتیجہ ہے، جبکہ اسموگ کے مستقل حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

حکومت پنجاب ماحول دوست ٹرانسپورٹ، گرین ٹیکنالوجی اور شہری ماحولیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لا رہی ہے۔ فضائی معیار میں بہتری کے باوجود شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ماسک کے استعمال اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بچوں، بزرگوں اور سانس اور دل کے مریضوں کو گھروں کے اندر مناسب ہوا داری اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے لاہور میں اسموگ کنٹرول کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں فضائی معیار میں مزید بہتری کی امید ہے۔