میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورایا کی جانب سے یہ احکامات ضلع میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے بعد جاری کیے گئے۔ حالیہ دنوں میں بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک افسوسناک واقعے میں ایک معمر خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق میلسی تحصیل میں آوارہ کتوں کے حملے کے نتیجے میں نذیراں بی بی نامی بزرگ خاتون جاں بحق ہوئیں، جبکہ ایک کمسن لڑکا زوہیب شدید زخمی ہوا۔

نئے احکامات کے تحت ضلع بھر میں موجود تمام پالتو کتوں کی رجسٹریشن لازمی ہوگی اور مالکان کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مالکان اس بات کے بھی ذمہ دار ہوں گے کہ ان کے کتوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی پالتو کتے کے کاٹنے سے کوئی شہری متاثر ہوا تو متعلقہ مالک کے خلاف پولیس کی جانب سے فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب میلسی تحصیل انتظامیہ کے مطابق تین روزہ مہم کے دوران 100 سے زائد آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا۔ یہ کارروائیاں ضلعی کونسل، لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر انجام دیں۔